شراب کے حرام ہونے پر سات دلائل
الله رب العزت کا ارشاد ہے:
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنصَابُ وَالْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ ﴿5:90﴾ إِنَّمَا يُرِيدُ الشَّيْطَانُ أَن يُوقِعَ بَيْنَكُمُ الْعَدَاوَةَ وَالْبَغْضَاءَ فِي الْخَمْرِ وَالْمَيْسِرِ وَيَصُدَّكُمْ عَن ذِكْرِ اللَّهِ وَعَنِ الصَّلَاةِ ۖ فَهَلْ أَنتُم مُّنتَهُونَ ﴿5:91﴾
ترجمہ: ’’اے ایمان والو! شراب، جوا، بتوں کے تھان (مراد وہ قربان گاہ جو بتوں کے سامنے بنادی جاتی تھی اور لوگ بتوں کے نام پر وہاں جانور وغیرہ قربان کیا کرتے تھے) اور جوے کے تیر، یہ سب ناپاک شیطانی کام ہیں۔ لہٰذا ان سے بچو، تاکہ تمہیں فلاح حاصل ہو۔
شیطان تو یہی چاہتا ہے کہ شراب اور جوے کے ذریعے تمہارے درمیان دشمنی اور بُغض کے بیج ڈال دے اور تمہیں الله کی یاد اور نماز سے روک دے، اب بتاؤ کہ کیا تم (ان چیزوں سے) باز آجاؤ گے؟‘‘ ﴿سورة المائدة، آیت: 90-91﴾
مذکورہ ان دو آیتوں میں شراب کے حرام ہونے پر سات دلائل موجود ہیں:
① پہلی دلیل: رِجْس… شراب کو ناپاک اور نجس فرمایا ہے۔ اور جو چیز نجس ہو وہ حرام ہے، معلوم ہوا شراب حرام ہے۔
② دوسری دلیل: مِنْ عَمَلِ الشَّیْطٰنِ… شراب شیطانی کام ہے۔ اور جو شیطانی کام ہے وہ حرام ہے، معلوم ہوا شراب حرام ہے۔
③ تیسری دلیل: فَاجْتَنِبُوْہُ… تم شراب سے بچو اور الله تعالٰی جس چیز سے بچنے کا حکم فرمائیں وہ حرام ہے، معلوم ہوا شراب حرام ہے۔
④ چوتھی دلیل: لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُوْنَ… شراب سے بچو تاکہ تمہیں فلاح حاصل ہو۔ معلوم ہوا کہ شراب حرام ہے کیونکہ فلاح تب حاصل ہوگی جب شراب سے بچے گا اور اگر نہیں بچے گا تو فلاح بھی حاصل نہیں ہوگی۔
⑤ پانچویں دلیل: إِنَّمَا يُرِيدُ الشَّيْطَانُ أَن يُوقِعَ بَيْنَكُمُ الْعَدَاوَةَ وَالْبَغْضَاءَ فِي الْخَمْرِ وَالْمَيْسِرِ… شیطان تو یہی چاہتا ہے کہ شراب اور جوے کے ذریعے تمہارے درمیان دشمنی اور بُغض کے بیج ڈال دے۔ پس جو چیز مسلمانوں کے درمیان دشمنی اور بغض کا سبب بنے وہ حرام ہے، معلوم ہوا شراب حرام ہے۔
⑥ چھٹی دلیل: وَيَصُدَّكُمْ عَن ذِكْرِ اللهِ وَعَنِ الصَّلَاةِ ۖ… شیطان تو یہی چاہتا ہے کہ شراب وغیرہ کے ذریعے تمہیں الله تعالٰی کی یاد اور نماز سے روک دے۔ پس شیطان جس چیز کے ذریعے الله کی یاد اور نماز سے روکتا ہے وہ حرام ہے، معلوم ہوا کہ شراب حرام ہے۔
⑦ ساتویں دلیل: فَهَلْ أَنتُم مُّنتَهُونَ… تم ان چیزوں (شراب وغیرہ) سے باز آجاؤ، پس الله تعالٰی اپنے بندوں کو جن چیزوں سے باز رہنے کا حکم فرمائیں وہ حرام ہیں، معلوم ہوا کہ شراب حرام ہے۔
اُردو ورڈ ― Urdu Word
Twitter & Telegram: @UrduW
SMS: Send ‘F UrduW’ to 40404
UrduWordUrdu.BlogSpot.com