Thursday, May 30, 2019

غصہ آنا برا نہیں، اس پر غلط عمل برا ہے



◼︎ غصہ آنا برا نہیں، اس پر غلط عمل برا ہے ◼︎

غصہ آنا خود گناہ نہیں ہے، کیونکہ غیراختیاری ہے۔ البتہ غصہ کے بعد جس پر غصہ آیا ہے اس کو مارنا پیٹنا، برا بھلا کہنا یہ گناہ ہے۔

بزرگانِ دین نے اس کا بھی علاج تجویز فرمادیا، کہ:
جس پر غصہ آیا ہے اس کو کچھ ہدیہ دے دیا جائے۔
ایک علاج یہ ہے کہ وہاں سے اُٹھ جایا جائے۔
ایک علاج یہ ہے کہ ہانچ دس منٹ سوچے کہ مجھے کیا کرنا چاہیے؟ سوچ کر شرعی حدود اور عقل کے مطابق جو مناسب ہو وہ کرلے۔

غصہ آنے کا سبب تکبر ہوتا ہے کہ اپنے آپ کو بڑا سمجھتا ہے تو کوئی بات برداشت نہیں کرسکتا۔ پھر اگر مار پیٹ لے تو تھوڑی دیر کے بعد شرمندگی ہوتی ہے گویا غصہ کی اولاد "شرمندگی" ہے اور باپ "تکبر" ہے، یہ غصہ کا نسب ہے، دونوں چیزیں بری ہیں اس لئے غصہ چھوڑ دینا چاہیے۔ مطلب یہ ہے کہ غصہ پر غلط عمل نہ کرے، بزرگانِ دین نے اس کی تراکیب بتا دی ہیں۔ غصہ کا علاج کرنے سے ہوگا، سننے سے نہیں ہوگا۔ اس لئے غصہ کی وجہ سے آدمی کبھی ظلم نہ کرے۔ اوّل تکبر کا علاج کرے، تکبر دور ہوجائے گا تو غصہ نہیں آئے گا، اس لئے کہ اپنے سے بڑے (یا بہتر) پر غصہ نہیں آتا، کیونکہ سمجھتا ہے کہ "وہ بڑا ہے میں چھوٹا ہوں"، غصہ ہمیشہ اپنے سے چھوٹے پر آتا ہے کہ جس کو چھوٹا (یا کمتر، کم عقل) سمجھتا ہے اس پر غصہ آتا ہے۔ تو علاج یہ ہے کہ اس کو اپنے سے چھوٹا (کمتر، کم عقل) نہ سمجھے، بلکہ تکبر کا علاج کرے، اس سے غصہ ختم ہو جائے گا۔ کفر کے بعد دین میں تکبر ہی سب سے بڑی بیماری سمجھی جاتی ہے۔ تکبر خود بھی حرام ہے اور اس سے جو غلط کام پیدا ہوتے ہیں وہ بھی حرام ہیں اس لئے تکبر سے بچنا ضروری ہے۔

الله تعالٰی کا ارشاد ہے:
أَلَيْسَ فِي جَهَنَّمَ مَثْوًى لِّلْمُتَكَبِّرِينَ ﴿39:60
ترجمہ: "کیا جہنم میں متکبرین کا ٹھکانہ نہیں؟"

نیز فرمایا:
إِنَّ اللَّهَ لَا يُحِبُّ كُلَّ مُخْتَالٍ فَخُورٍ ﴿31:18
ترجمہ: "کسی تکبر کرنے والے شیخی خورے کو الله پسند نہیں فرماتا"۔

مُخْتَالٍ کہتے ہیں "اکڑ کر چلنے والا" یہ ہاتھ پاؤں کا تکبر ہے اور فَخُورٍ  کہتے ہیں "زبان سے تکبر کرنے والا"۔

تکبر کے تین درجے ہیں:
دل میں اپنے آپ کو بڑا، بہتر، اعلیٰ سمجھنا۔
دوسروں کو حقیر سمجھنا۔
زبان سے فخر کے کلمات کہنا کہ "میں ایسا، میں ویسا"۔
ہاتھ اور پیر سے بھی تکبر ہوتا ہے کہ اکڑ کر چلتا ہے۔

الله تعالٰی ہمیں ان گناہوں سے بچنے کی توفیق عطا فرمائیںآمین


اُردو ورڈ Urdu Word
Twitter & Telegram: @UrduW
SMS: Send ‘F UrduW’ to 40404
UrduWordUrdu@.logSpot.com